┄┅════❁ ﷽ ❁════┅┄
ناول: پیرِ_کامل_ﷺ
از: عمیرہ_احمد
قسط_نمبر_32
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آپ اب مجھے کچھ بھی نہ سمجھائیں۔ آپ کو اب مجھ سے کوئی شکایت نہیں ہو گی۔"
سالار نے سکندر سے آنکھیں ملائے بغیر کہا۔
وہ دوبارہ Yale جا رہا تھا اور جانے سے پہلے سکندر نے ہمیشہ کی طرح اسے سمجھانے کی کوشش کی تھی۔ وہی پرانی نصیحتیں کسی موہوم سی آس اور امید میں ایک بار پھر اس کے کانوں میں ٹھونسنے کی کوشش کی تھی مگر اس بار ان کے بات شروع کرتے ہی سالار نے انہیں شاید زندگی میں پہلی دفعہ یقین دہائی کروائی تھی اور زندگی میں پہلی بار سکندر عثمان کو اس کے الفاظ پر یقین آیا تھا۔
وہ اس حادثے کے بعد اس میں آنے والی تبدیلیوں کو واضح طور پر دیکھ رہے تھے۔ وہ پہلے والا سالار نہیں رہا تھا، اس کی زندگی ہی تبدیل ہو چکی تھی۔ اس کا حلیہ، اس کا انداز، سب کچھ۔۔۔۔۔ اس کے اندر کے شعلے کو جیسے کسی نے پھونک مار کر بجھا دیا تھا۔ صحیح ہوا تھا یا غلط، یہ تبدیلیاں اچھی تھیں یا بری۔ خود سکندر عثمان بھی اس پر کوئی رائے دینے کے قابل نہیں ہوئے تھے مگر انہیں یہ ضرور معلوم ہو گیا تھا کہ اس میں کوئی بہت بڑی تبدیلی آئی تھی۔ انہیں یہ اندازہ نہیں ہوا تھا کہ اس نے زندگی میں پہلی بار چوٹ کھائی تھی اور زندگی میں پہلی بار پڑنے والی چوٹ، بڑے بڑوں کو رلا دیتی ہے وہ تو پھر اکیس بائیس سال کا لڑکا تھا۔
زندگی میں بعض دفعہ ہمیں پتا نہیں چلتا کہ ہم تاریکی سے باہر آئے ہیں یا تاریکی میں داخل ہوئے ہیں۔ اندھیرے میں سمت کا پتا نہیں چلتا مگر آسمان اور زمین کا پتا ضرور چل جاتا ہے بلکہ ہر حال میں چلتا ہے۔ سر اٹھانے پر آسمان ہی ہوتا ہے، سر جھکانے پر زمین ہی ہوتی ہے۔ دکھائی دے نہ دے مگر زندگی میں سفر کرنے کے لئے صرف چار سمتوں ہی کی ضرورت پڑتی ہے۔ دائیں ،بائیں ، آگے ، پیچھے۔ پانچویں سمت پیروں کے نیچے ہوتی ہے۔ وہاں زمین نہ ہو تو پاتال آ جاتا ہے۔ پاتال میں پہنچنے کے بعد کسی سمت کی ضرورت نہیں رہتی۔
چھٹی سمت سر سے اوپر ہوتی ہے۔ وہاں جایا ہی نہیں جا سکتا۔ وہاں اللہ ہوتا ہے۔ آنکھوں سے نظر نہ آنے والا مگر دل کی ہر دھڑکن، خون کی ہر گردش، ہر آنے جانے والے سانس، حلق سے اترنے والے ہر نوالے کے ساتھ محسوس ہونے والا۔ وہ فوٹوگرافک میموری، وہ 150+ آئی کیو لیول اسے اب عذاب لگ رہا تھا۔وہ سب کچھ بھولنا چاہتا تھا۔وہ سب جو وہ کرتا رہا ، وہ کچھ بھی بھلانے کے قابل نہیں تھا۔کوئی اس سے اس کی تکلیف پوچھتا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
نیو ہیون واپس آنے کے بعد اس نے زندگی کے ایک نئے سفر کو شروع کیا تھا۔
اس رات اس جنگل کے ہولناک اندھیرے اور تنہائی میں اس درخت کے ساتھ بندھے بلکتے ہوئے کئے گئے تمام وعدے اسے یاد تھے۔
وہ سب سے بالکل الگ تھلگ رہنے لگا تھا۔معمولی سے رابطے اور تعلق کے بھی بغیر۔
"مجھے تم سے نہیں ملنا۔"
وہ صاف گو تو ہمیشہ سے ہی تھا مگر اس حد تک ہو جائے گا اس کے ساتھیوں میں سے کسی کو بھی اس کی توقع نہیں تھی۔چند ہفتے اس کے بارے میں اس کا گروپ چہ میگوئیاں کرتا رہا پھر یہ چہ میگوئیاں اعتراضات اور تبصروں میں تبدیل ہو گئیں اور اس کے بعد طنزیہ جملوں اور ناپسندیدگی میں پھر سب اپنی اپنی زندگی میں مصروف ہو گئے۔سالار سکندر کسی کی زندگی کا مرکز اور محور نہیں تھا نہ دوسرا کوئی اس کی زندگی کا۔
اس نے نیو ہیون پہنچنے کے بعد جو چند کام کیے تھے اس میں جلال انصر سے ملاقات کی کوشش بھی کی تھی۔وہ پاکستان سے واپس آتے ہوئے اس کے گھر سے امریکہ میں اس کا ایڈریس لے آیا تھا۔یہ ایک اتفاق ہی تھا کہ اس کا ایک کزن بھی اسی ہاسپٹل میں کام کر رہا تھا۔باقی کا کام بہت آسان ثابت ہوا۔ضرورت سے زیادہ آسان۔
وہ اس سے ایک بار مل کر اس سے معذرت کرنا چاہتا تھا۔اسے ان تمام جھوٹوں کے بارے میں بتا دینا چاہتا تھا جو وہ اس سے امامہ کے بارے میں اور امامہ کو اس کے بارے میں بولتا رہا تھا۔وہ ان دونوں کے تعلق میں اپنے رول کے لئے شرمندہ تھا۔وہ اس کی تلافی کرنا چاہتا تھا۔وہ جلال انصر تک پہنچ چکا تھا اور وہ امامہ ہاشم تک پہنچنا چاہتا تھا۔
وہ جلال انصر کے ساتھ ہاسپٹل کے کیفے ٹیریا میں بیٹھا ہوا تھا۔جلال انصر کے چہرے پر بےحد سنجیدگی تھی اور اس کے ماتھے پر پڑے ہوئے بل اس کی ناراضی کو ظاہر کر رہے تھے۔
سالار کچھ دیر پہلے ہی وہاں پہنچا تھا اور جلال انصر اسے وہاں دیکھ کر ہکا بکا رہ گیا تھا۔اس نے جلال سے چند منٹ مانگے تھے۔وہ دو گھنٹے انتظار کروانے کے بعد بالآخر کیفے ٹیریا میں آ گیا تھا۔
"سب سے پہلے تو میں یہ جاننا چاہوں گا کہ تم نے مجھے ڈھونڈا کیسے؟"اس نے آپ جناب کے تمام تکلفات کو برطرف رکھتے ہوئے ٹیبل پر بیٹھتے ہی سالار سے کہا۔
"یہ اہم نہیں ہے۔"
"یہ بہت اہم ہے۔اگر تم واقعی یہ چاہتے ہو کہ میں کچھ دیر تمہارے ساتھ یہاں گزاروں تو مجھے پتا ہونا چاہئیے کہ تم نے مجھے کیسے ڈھونڈا؟"
"میں نے اپنے کزن سے مدد لی ہے۔وہ ایک ڈاکٹر ہے اور اس شہر میں بہت عرصے سے کام کر رہا ہے۔میں یہ نہیں جانتا اس نے آپ کو کیسے ڈھونڈا ہے۔میں نے اسے صرف آپ کا نام اور کچھ دوسری معلومات دی تھیں۔"سالار نے کہا۔
"لنچ۔۔۔۔۔؟"جلال نے بڑے رسمی انداز میں کہا ، وہ ٹیبل پر آتے ہوئے اپنی لنچ ٹرے ساتھ لے کر آیا تھا۔
"نہیں ، میں نہیں کھاؤں گا۔"سالار نے شکریہ کے ساتھ معذرت کر لی۔
جلال نے کندھے اچکائے اور کھانا شروع کر دیا۔
"کس معاملے میں بات کرنا چاہتے تھے تم مجھ سے؟"
"میں آپ کو چند حقائق سے آگاہ کرنا چاہتا تھا۔"
جلال نے اپنی بھنویں اچکائیں۔"حقائق؟"
"میں آپ کو یہ بتانا چاہتا تھا کہ میں نے آپ سے جھوٹ بولا تھا۔میں امامہ کا دوست نہیں تھا۔وہ میرے دوست کی بہن تھی۔صرف میری نیکسٹ ڈور neighbour ۔۔۔۔۔۔"جلال نے کھانا جاری رکھا۔
"میری اس سے معمولی جان پہچان تھی۔وہ مجھے پسند نہیں کرتی تھی خود میں بھی اسے پسند نہیں کرتا تھا اور یہی وجہ تھی کہ میں نے آپ پر یوں ظاہر کیا جیسے وہ میری بہت گہری دوست تھی۔میں آپ دونوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنا چاہتا تھا۔"
جلال سنجیدگی سے اس کی بات سنتے ہوئے کھانا کھاتا رہا۔
"اس کے بعد جب امامہ گھر سے نکل کر آپ کے پاس آنا چاہتی تھی تو میں نے اس سے جھوٹ بولا۔آپ کی شادی کے بارے میں۔"
اس بار جلال کھانا کھاتے کھاتے رک گیا۔"میں نے اس سے کہا کہ آپ شادی کر چکے ہیں۔وہ آپ کے پاس اسی لئے نہیں آئی تھی۔مجھے بعد میں احساس ہوا کہ میں نے بہت نا مناسب حرکت کی ہے مگر اس وقت تک دیر ہو چکی تھی۔امامہ سے میرا کوئی رابطہ نہیں تھا مگر یہ ایک اتفاق ہے کہ آپ سے میرا رابطہ ہو گیا۔میں آپ سے ایکسکیوز کرنا چاہتا ہوں۔"
"میں تمہاری معذرت قبول کرتا ہوں مگر میں نہیں سمجھتا کہ تمہاری وجہ سے میرے اور امامہ کے درمیان کوئی غلط فہمی پیدا ہوئی ، میں پہلے ہی اس سے شادی نہ کرنے کا فیصلہ کر چکا تھا۔"جلال نے بڑی صاف گوئی سے کہا۔
"وہ آپ سے بہت محبت کرتی تھی۔"سالار نے دھیمی آواز میں کہا۔
"ہاں میں جانتا ہوں مگر شادی وغیرہ میں صرف محبت تو نہیں دیکھی جاتی اور بھی بہت کچھ دیکھا جاتا ہے۔"جلال بہت حقیقت پسندانہ انداز میں کہہ رہا تھا۔
"جلال! کیا یہ ممکن نہیں ہے کہ آپ اس سے شادی کر لیں۔"
"پہلی بات یہ کہ میرا اس کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے اور دوسری بات یہ کہ میرا اس کے ساتھ رابطہ ہوتا بھی تب بھی میں اس کے ساتھ شادی نہیں کر سکتا۔"
"اس کو آپ کے سہارے کی ضرورت ہے۔"سالار نے کہا۔
"میں نہیں سمجھتا کہ اسے میرے سہارے کی ضرورت ہے۔اب تو بہت عرصہ گزر چکا ہے اب تک وہ کوئی نہ کوئی سہارا تلاش کر چکی ہو گی۔"جلال نے اطمینان سے کہا۔
"ہو سکتا ہے اس نے ایسا نہ کیا ہو۔وہ ابھی بھی آپ کا انتظار کر رہی ہو۔"
"میں اس طرح کے امکانات پر غور کرنے کا عادی نہیں ہوں۔میں نے تمہیں بتایا ہے کہ میرے لئے اپنے کیرئیر کی اس اسٹیج پر شادی ممکن ہی نہیں ہے۔وہ بھی اس سے۔"
"کیوں۔۔۔۔۔؟"
"اس کیوں کا جواب میں تمہیں کیوں دوں۔تمہارا اس سارے معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔میں اس سے کیوں شادی نہیں کرنا چاہتا۔میں تب ہی اسے بتا چکا ہوں اور اتنے عرصے کے بعد تم دوبارہ آ کر پھر وہی پینڈورا باکس کھولنے کی کوشش کر رہے ہو۔"جلال نے قدرے ناراضی سے کہا۔
"میں صرف اس نقصان کی تلافی کرنے کی کوشش کر رہا ہوں ، جو میری وجہ سے آپ دونوں کا ہوا۔"سالار نے نرمی سے کہا۔
"میرا کوئی نقصان نہیں ہوا اور امامہ کا بھی نہیں ہوا ہو گا۔تم ضرورت سے زیادہ حساس ہو رہے ہو۔"
جلال نے سلاد کے چند ٹکڑے منہ میں ڈالتے ہوئے اطمینان سے کہا۔سالار اسے دیکھتا رہا۔وہ نہیں سمجھ پا رہا تھا کہ وہ اسے اپنی بات کیسے سمجھائے۔
"میں اس کو ڈھونڈنے میں آپ کی مدد کر سکتا ہوں۔اس نے کچھ دیر بعد کہا۔"مگر میں اسے ڈھونڈنا نہیں چاہتا۔شادی مجھے اس سے نہیں کرنی پھر ڈھونڈنے کا فائدہ۔"
سالار نے ایک گہرا سانس لیا۔"آپ جانتے ہیں اس نے کس لئے گھر چھوڑا تھا؟"
"میرے لئے بہرحال نہیں چھوڑا تھا۔"جلال نے بات کاٹی۔
"آپ کے لئے نہیں چھوڑا تھا ، مگر جن وجوہات کی بنا پر چھوڑا تھا کیا ایک مسلمان کے طور پر آپ کو اس کی مدد نہیں کرنی چاہئیے جب کہ آپ یہ بھی جانتے ہیں کہ وہ لڑکی آپ سے بہت محبت کرتی ہے۔آپ سے بہت انسپائرڈ ہے۔"
"میں دنیا میں کوئی واحد مسلمان نہیں ہوں اور نہ ہی مجھ پر یہ فرض کر دیا گیا ہے کہ میں اس کی مدد ضرور کروں۔میری ایک ہی زندگی ہے اور میں اسے کسی دوسرے کی وجہ سے تو خراب نہیں کر سکتا اور پھر تم بھی مسلمان ہو ، تم کیوں نہیں شادی کرتے اس سے؟میں نے تو تب بھی تم سے کہا تھا کہ تم اس سے شادی کر لو۔تم ویسے بھی اس کے لئے نرم گوشہ رکھتے ہو۔"
جلال انصر نے قدرے چبھتے ہوئے انداز میں کہا۔سالار اسے خاموشی سے دیکھتا رہا۔وہ اسے بتا نہیں سکتا تھا کہ وہ اس سے شادی کر چکا ہے۔
"شادی۔۔۔۔۔؟وہ مجھے پسند نہیں کرتی۔"اس نے کہا۔
"میں اس سلسلے میں اسے سمجھا سکتا ہوں۔تم میرا اس سے رابطہ کروا دو تو میں اسے تم سے شادی پر تیار کر لوں گا۔اچھے آدمی ہو تم۔۔۔۔۔اور خاندان وغیرہ بھی ٹھیک ہی ہو گا تمہارا۔کار تو ڈیڑھ سال پہلے بھی بڑی شاندار رکھی ہوئی تھی تم نے۔اس کا مطلب ہر روپیہ وغیرہ ہو گا تمہارے پاس۔ویسے یہاں کس لئے ہو؟"
"ایم بی اے کر رہا ہوں۔"
"پھر تو کوئی مسئلہ ہی نہیں۔جاب تمہیں مل جائے گی۔روپیہ ویسے بھی تمہارے پاس ہے۔لڑکیوں کو اور کیا چاہئیے۔امامہ تو ویسے بھی تمہیں جانتی ہے۔"جلال نے چٹکی بجاتے مسئلہ حل کیا تھا۔
"سارا مسئلہ تو اسی "جاننے" نے ہی پیدا کیا ہے۔وہ مجھے ضرورت سے زیادہ جانتی ہے۔"سالار نے جلال کو دیکھتے ہوئے سوچا۔
"وہ آپ سے محبت کرتی ہے۔"سالار نے جیسے اسے یاد دلایا۔
"اب اس میں میرا تو کوئی قصور نہیں ہے۔لڑکیاں کچھ زیادہ جذباتی ہوتی ہیں اس معاملے میں۔"جلال نے قدرے بیزاری سے کہا۔
"یہ ون سائیڈ لو افئیر تو نہیں ہو گا۔آپ کسی نہ کسی حد تک اس میں انوالو تو ضرور ہوں گے۔"سالار نے قدرے سنجیدگی سے کہا۔
"ہاں تھوڑا بہت انوالو تھا ، مگر وقت اور حالات کے ساتھ ساتھ ترجیحات بھی بدلتی رہتی ہیں انسان کی۔"
"اگر آپ کو وقت اور حالات کے ساتھ اپنی ترجیحات بدلنی تھیں تو آپ کو اس کے بارے میں امامہ کو انوالو ہوتے ہوئے ہی بتا دینا چاہئیے تھا۔کم از کم اس سے یہ ہوتا کہ وہ آپ سے مدد کی توقع رکھتی نہ ہی آپ پر اس قدر انحصار کرتی۔میں اُمید کرتا ہوں آپ یہ تو نہیں کہیں گے کہ آپ نے اس سے شادی کے حوالے سے کبھی کوئی بات یا وعدہ کیا ہی نہیں تھا۔"
جلال کچھ کہنے کی بجائے خشمگیں نظروں سے اسے دیکھتا رہا۔
"تم مجھے کیا جتانے اور بتانے کی کوشش کر رہے ہو؟"اس نے چند لمحوں کے بعد اکھڑے ہوئے انداز میں کہا۔
"اس نے جب مجھ سے پہلی بار رابطہ کیا تھا تو آپ کا فون نمبر اور ایڈریس دے کر اس نے مجھ سے کہا تھا کہ میں آپ سے پوچھوں آپ نے اپنے پیرنٹس سے شادی کی بات کر لی ہے۔میں نے اسے اپنا فون دیا تھا کہ وہ آپ سے یہ بات خود پوچھ لے۔یقیناً اسلام آباد آنے سے پہلے آپ نے اس سے یہ کہا ہو گا کہ آپ اس سے شادی کے لئے اپنے پیرنٹس سے بات کریں گے۔آپ نے یقیناً پہلے محبت وغیرہ کے اظہار کے بعد اسے پروپوز کیا ہو گا۔"
جلال نے کچھ برہمی سے اس کی بات کاٹی۔"میں اسے پروپوز نہیں کیا تھا۔اس نے مجھے پروپوز کیا تھا۔"
"مان لیتا ہوں اس نے پروپوز کیا۔آپ نے کیا کیا؟انکار کر دیا؟"وہ چیلنج کرنے والے انداز میں پوچھ رہا تھا۔
"انکار نہیں کیا ہو گا۔"سالار عجیب سے انداز میں مسکرایا۔
"اس نے مجھے بتایا تھا کہ آپ نعت بڑی اچھی پڑھتے ہیں۔اور آپ کو حضرت محمد ﷺ سے بھی بہت محبت ہے۔ آپ کو بھی بتایا ہو گا اس نے کہ وہ آپ سے محبت کیوں کرتی تھی مگر آپ سے مل کر اور آپ کو جان کر مجھے بہت مایوسی ہوئی۔آپ نعت بہت اچھی پڑھتے ہوں گے مگر جہاں تک حضرت محمد ﷺ سے محبت کا تعلق ہے میں نہیں سمجھتا وہ آپ کو ہے۔میں خود کوئی بہت اچھا آدمی نہیں ہوں اور محبت کے بارے میں زیادہ بات نہیں کر سکتا۔خاص طور پر اللہ اور حضرت محمد ﷺ سے محبت کے بارے میں مگر اتنا میں ضرور جانتا ہوں کہ جو شخص اللہ یا اس کے پیغمبر ﷺ سے محبت کا دعویٰ کرتا ہے یا لوگوں کو یہ امپریشن دیتا پھرتا ہے وہ مدد کے لئے پھیلے ہوئے ہاتھ کو نہیں جھٹک سکتا نہ ہی وہ کسی کو دھوکا اور فریب دے گا۔"سالار اٹھ کر کھڑا ہو گیا۔
"اور میں تو آپ سے ریکویسٹ کر رہا ہوں اس کی مدد کے لئے۔ہو سکتا ہے اس نے بھی ڈیڑھ سال پہلے کی ہو پھر بھی اگر آپ انکار پر مصر ہیں تو۔۔۔۔۔میں یا کوئی آپ کو مجبور تو نہیں کر سکتا مگر آپ سے مل کر اور آپ سے بات کر کے مجھے بہت مایوسی ہوئی۔"
اس نے الوداعی مصافحہ کے لئے جلال کی طرف ہاتھ بڑھایا۔جلال نے اپنا ہاتھ نہیں بڑھایا ، وہ تنفر بھرے انداز میں ماتھے پر بل لئے اسے دیکھتا رہا۔
"خدا حافظ ۔"سالار نے اپنا ہاتھ پیچھے کر لیا۔جلال اسی حالت میں اسے جاتا دیکھتا رہا اور پھر اس نے خود کلامی کی۔"It’s really an idiot’s world out there. "
وہ دوبارہ لنچ ٹرے کی طرف متوجہ ہو گیا۔اس کا موڈ بےحد آف ہو رہا تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
جلال انصر سے ملاقات کے بعد وہ اپنے احساسات کو کوئی نام دینے میں ناکام ہو رہا تھا۔کیا اسے اپنے پچھتاوے سے آزاد ہو جانا چاہئیے؟کیوں کہ جلال نے یہ کہا تھا کہ سالار بیچ میں نہ آتا تو بھی ، وہ امامہ سے شادی نہیں کرتا اور جلال انصر سے بات کرنے کے بعد اسے یہ اندازہ ہو گیا تھا کہ امامہ کے لئے اس کے احساسات میں کوئی گہرائی نہیں تھی مگر یہ شاید اس کے لئے بہت سے نئے سوالات پیدا کر رہا تھا۔وہ جلال سے آج ملا تھا۔ڈیڑھ سال پہلے اس نے جلال کے ساتھ اس طرح بات کی ہوتی تو شاید اس پر ہونے والا اثر مختلف ہوتا۔تب امامہ کے لئے اس کے احساسات کا پیمانہ مختلف ہوتا اور شاید ڈیڑھ سال پہلے وہ امامہ کے بارے میں اس بےحسی کا مظاہرہ نہ کرتا جس کا مظاہرہ اس نے آج کیا تھا وہ ایک ذہنی رو میں اپنے کندھوں سے بوجھ ہٹا ہوا محسوس کرتا اور اگلی ذہنی رو اسے پھر اُلجھن کا شکار کر دیتی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
ایم بی اے کا دوسرا سال بہت پُر سکون گزرا تھا۔پڑھائی کے علاوہ اس کی زندگی میں اور کوئی سرگرمی نہیں رہی تھی۔وہ گیمز پر صرف ڈسکشنز میں ہی اپنے کلاس فیلوز کے ساتھ گفتگو کرتا یا پھر گروپ پروجیکٹس کے سلسلے میں اس کے ساتھ وقت گزارتا۔باقی کا سارا وقت وہ لائبریری میں گزار دیتا۔ویک اینڈ پر اس کی واحد سرگرمی اسلامک سینٹر جانا تھا جہاں وہ ایک عرب سے قرآن پاک تلاوت کرنا سیکھا کرتا تھا پھر وہ قرآن پاک کے ان اسباق کو دہرایا کرتا پھر اسی عرب سے اس نے عربی زبان سیکھنا شروع کر دی۔
خالد عبدالرحمان نامی وہ عرب بنیادی طور پر ایک میڈیکل ٹیکٹیشن تھا اور ایک ہاسپٹل سے وابستہ تھا۔وہ ویک اینڈ پر وہاں آ کر عربی زبان اور قرآن پاک کی کلاسز لیا کرتا تھا۔وہ اس کام کا کوئی معاوضہ نہیں لیا کرتا تھا بلکہ اسلامک سینٹر کی لائبریری میں موجود کتابوں کی ایک بڑی تعداد بھی اسی کے دوستوں اور رشتے داروں کی طرف سے عطیہ کی گئی تھی۔
قرآن پاک کی ان ہی کلاسز کے دوران ایک دن اس نے سالار سے کہا۔
"تم قرآن پاک حفظ کیوں نہیں کرتے؟"سالار اس کے اس تجویز نما سوال پر کچھ دیر حیرانی سے اس کا منہ دیکھنے لگا۔
"میں۔۔۔۔۔میں کیسے کر سکتا ہوں؟"
"کیوں۔۔۔۔۔تم کیوں نہیں کر سکتے؟"خالد نے جواباً اس سے پوچھا۔
"یہ بہت مشکل ہے اور پھر میرے جیسا آدمی ، نہیں میں نہیں کر سکتا۔"سالار نے چند لمحوں کے بعد کہا۔
"تمہارا ذہن بہت اچھا ہے بلکہ میں اگر یہ کہوں کہ میں نے اپنی آج تک کی زندگی میں تم سے زیادہ ذہین آدمی نہیں دیکھا جتنی تیز رفتاری سے تم نے اتنے مختصر عرصہ میں اتنی چھوٹی بڑی سورتیں یاد کی ہیں کوئی اور نہیں کر سکا اور جتنی تیز رفتاری سے تم عربی سیکھ رہے ہو میں اس پر بھی حیران ہوں۔جب ذہن اس قدر زرخیز ہو اور دنیا کی ہر چیز سیکھ لینے اور یاد رکھنے کی خواہش ہو تو قرآن پاک کیوں نہیں۔تمہارے ذہن پر اللہ تعالیٰ کا بھی حق ہے۔"خالد نے کہا۔
"آپ میری بات نہیں سمجھے۔مجھے سیکھنے پر کوئی اعتراض نہیں مگر یہ بہت مشکل ہے۔میں اس عمر میں یہ نہیں سیکھ سکتا۔"سالار نے وضاحت کی۔
"جب کہ میرا خیال ہے کہ تمہیں قرآن پاک حفظ کرنے میں بہت آسانی ہو گی۔تم ایک بار اسے حفظ کرنا شروع کرو ، میں کسی اور کے بارے میں تو یہ دعویٰ نہ کرتا مگر تمہارے بارے میں ، میں دعوے سے یہ کہہ سکتا ہوں کہ تم نہ صرف بہت آسانی سے اسے حفظ کر لو گے بلکہ بہت کم عرصے میں۔۔۔۔۔"
سالار نے اس دن اس موضوع کے بارے میں مزید کوئی بات نہیں کی۔
مگر اس رات اپنے اپارٹمنٹ پر واپس آنے کے بعد وہ خالد عبدالرحمان کی باتوں کے بارے میں ہی سوچتا رہا۔اس کا خیال تھا کہ خالد عبدالرحمان دوبارہ اس کے بارے میں اس سے بات نہیں کرے گا۔مگر اگلے ہفتے خالد عبدالرحمان نے ایک بار پھر اس سے یہی سوال کیا۔
سالار بہت دیر چپ چاپ اسے دیکھتا رہا پھر اس نے مدھم آواز میں خالد سے کہا۔
"مجھے خوف آتا ہے۔"
"کس چیز سے؟"
"قرآن پاک حفظ کرنے سے۔"خالد نے قدرے حیرانی سے پوچھا۔
سالار نے اثبات میں سر ہلا دیا۔
"کیوں۔۔۔۔۔؟"وہ بہت دیر خاموش رہا پھر کارپٹ پر اپنی انگلی سے لکیریں کھینچتے اور انہیں دیکھتے ہوئے اس نے خالد سے کہا۔
"میں بہت گناہ کر چکا ہوں ، اتنے گناہ کہ مجھے انہیں گننا بھی مشکل ہو جائے گا۔صغیرہ ، کبیرہ ہر گناہ جو انسان سوچ سکتا ہے یا کر سکتا ہے۔میں اس کتاب کو اپنے سینے یا ذہن میں محفوظ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔میرا سینہ اور ذہن پاک تو نہیں ہے۔میرے جیسے لوگ اسے۔۔۔۔۔اسے حفظ کرنے کے لائق نہیں ہوتے۔میں تو ایسا سوچ بھی نہیں سکتا۔"اس کی آواز بھرا گئی۔
خالد کچھ دیر خاموش رہا پھر اس نے کہا۔"ابھی بھی گناہ کرتے ہو؟"سالار نے نفی میں سر ہلا دیا۔
"تو پھر کس چیز کا خوف ہے تم اگر قرآن پاک کی تلاوت کر سکتے ہو ، اپنے ان سارے گناہوں کے باوجود تو پھر اسے حفظ بھی کر سکتے ہو اور پھر تم نے گناہ کئے مگر تم اب گناہ نہیں کرتے۔یہ کافی ہے۔اگر اللہ تعالیٰ یہ نہیں چاہے گا کہ تم اسے حفظ کرو تو تم اسے حفظ نہیں کر سکو گے چاہے تم لاکھ کوشش کر لو اور اگر تم خوش قسمت ہوئے تو تم اسے حفظ کر لو گے۔"خالد نے چٹکی بجاتے ہوئے جیسے یہ مسئلہ حل کر دیا تھا۔
سالار اس رات جاگتا رہا ، آدھی رات کے بعد اس نے پہلا پارہ کھول کر کانپتے ہاتھوں اور زبان کے ساتھ حفظ کرنا شروع کیا۔اسے حفظ کرتے ہوئے اسے احساس ہونے لگا کہ خالد عبدالرحمان ٹھیک کہتا تھا۔اسے قرآن پاک کا بہت سا حصہ پہلے ہی یاد تھا۔خوف کی وہ کیفیت جو اس نے قرآن پاک حفظ کرنا شروع کرتے ہوئے محسوس کی تھی وہ زیادہ دیر نہیں رہی تھی۔اس کے دل کو کہیں سے استقامت مل رہی تھی۔کہاں سے؟کوئی اس کی زبان کی لڑکھڑاہٹ دور کر رہا تھا ، کون۔۔۔۔۔؟کوئی اس کے ہاتھوں کی کپکپاہٹ ختم کر رہا تھا کیوں؟"
فجر کی نماز سے کچھ دیر پہلے وہ اس وقت بےتحاشا رویا جب اس نے پچھلے پانچ گھنٹے میں یاد کئے ہوئے سبق کو پہلی بار مکمل طور پر دہرایا۔وہ کہیں نہیں اٹکا تھا۔وہ کچھ نہیں بھولا تھا۔زیر زبر کی کوئی غلطی نہیں ، آخری چند جملوں پر اس کی زبان پہلی بار کپکپانے لگی تھی۔آخری چند جملے ادا کرتے ہوئے اسے بڑی دقت ہوئی تھی کیونکہ وہ اس وقت آنسوؤں سے رو رہا تھا۔
"اگر اللہ یہ چاہے گا اور تم خوش قسمت ہو گے تو تم قرآن پاک حفظ کر لو گے ورنہ کچھ بھی کر لو ، نہیں کر پاؤ گے۔"اسے خالد عبدالرحمان کی بات یاد آ رہی تھی۔
فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد اس نے کیسٹ پر اپنی زندگی کے اس پہلے سبق کو ریکارڈ کیا تھا۔ایک بار پھر اسے کسی دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔اس کی آواز میں پہلے سے زیادہ روانی اور لہجے میں پہلے سے زیادہ فصاحت تھی۔
اس کی زندگی میں ایک نئی چیز شامل ہو گئی تھی۔اس پر ایک اور احسان کر دیا گیا تھا مگر اس کا ڈپریشن ختم نہیں ہوا تھا۔وہ رات کو سلیپنگ پلز کے بغیر نیند کا تصور بھی نہیں کر سکتا تھا اور سلیپنگ پلز لینے کے باوجود وہ کبھی اپنے کمرے کی لائٹس آف نہیں کر سکا تھا۔وہ تاریکی سے خوف کھاتا تھا۔
یہ پھر خالد عبد الرحمان ہی تھا جس نے ایک دن اس سے کہا تھا۔وہ اسے قرآن پاک کا سبق زبانی سنا رہا تھا اور اسے احساس ہو رہا تھا کہ خالد عبدالرحمان مسلسل اس کے چہرے پر نظریں جمائے ہوئے تھا جب اس نے اپنا سبق ختم کیا اور پانی کا گلاس اٹھا کر اپنے ہونٹوں سے لگایا تو اس نے خالد کو کہتے سنا۔
"میں نے کل رات تمہیں خواب میں حج کرتے دیکھا ہے۔"
سالار مُنہ میں لے جانے والا پانی حلق سے اُتار نہیں سکا۔گلاس نیچے رکھتے ہوئے خالد کو دیکھنے لگا۔
"اس سال تمہارا ایم بی اے ہو جائے گا۔اگلے سال تم حج کر لو۔"
خالد کا لہجہ بہت رسمی تھا۔سالار نے منہ میں موجود پانی غیر محسوس انداز میں حلق سے نیچے اتار لیا۔وہ اس دن اس سے کوئی سوال جواب نہیں کر سکا تھا۔اس کے پاس کوئی سوال تھا ہی نہیں۔
ایم بی اے کے فائنل سمسٹر سے دو ہفتے پہلے اس نے قرآن پاک پہلی بار حفظ کر لیا تھا۔فائنل سمسٹر کے چار ہفتے کے بعد ساڑھے تئیس سال کی عمر میں اس نے اپنی زندگی کا پہلا حج کیا تھا۔وہاں جاتے ہوئے وہاں سے آتے ہوئے اس کے دل و دماغ میں کچھ بھی نہیں تھا۔کوئی تکبر ، کوئی تفخر ، کوئی رشک کچھ بھی نہیں۔اس کے ساتھ پاکستانی کیمپ میں ساتھ جانے والے شاید وہ لوگ ہوں گے جو خوش قسمت ہوں گے۔انہیں ان کی نیکیوں کے عوض وہاں بلایا گیا تھا۔وہ قرآن پاک حفظ نہ کر رہا ہوتا تو حج کرنے کا سوچتا بھی نہیں ، جو شخص حرم شریف سے دور اللہ کا سامنا کرنے کی ہمت نہ رکھتا ہو اس سے یہ توقع رکھنا کہ وہ کعبہ کے سامنے پہنچ کر اللہ کا سامنا کر لے گا وہ ہر جگہ جانے کو تیار ہو جاتا ، مگر خانہ کعبہ جانے کی جرات نہیں کر سکتا تھا۔
مگر خالد عبدالرحمان کے ایک بار کہنے پر اس نے جیسے گھٹنے ٹیکتے ہوئے حج پر جانے کے لئے پیپرز جمع کروا دئیے تھے۔
لوگوں کو حج پر جانے کا موقع تب ملتا تھا جب ان کے پاس گناہ نہیں ہوتے۔نیکیوں کا ہی انبار ہوتا ہے۔سالار سکندر کو یہ موقع تب ملا تھا جب اس کے پاس گناہوں کے علاوہ بھی کچھ بھی نہیں تھا۔
"ہاں ٹھیک ہے ، اگر میں گناہ کرنے سے خوف نہیں کھاتا رہا تو پھر اب مجھے اللہ کے سامنے جانے اور معذرت کرنے سے بھی خوف نہیں کھانا چاہئیے۔صرف یہی ہے نا کہ میں وہاں سر نہیں اٹھا سکوں گا۔نظریں اوپر نہیں کر سکوں گا۔منہ سے معافی کے علاوہ اور کوئی لفظ نہیں نکال سکوں گا تو ٹھیک ہے مجھے یہ سزا بھی ملنی چاہئیے۔میں تو اس سے زیادہ شرمندگی اور بےعزتی کا مستحق ہوں۔ہر بار حج پر کوئی نہ کوئی شخص ایسا آتا ہو گا ، جس کے پاس گناہوں کے علاوہ اور کچھ ہو گا ہی نہیں۔اس بار وہ شخص میں سہی ، سالار سکندر ہی سہی۔"اس نے سوچا تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
گناہ کا بوجھ کیا ہوتا ہے اور آدمی اپنے گناہ کے بوجھ کو کس طرح قیامت کے دن اپنی پُشت سے اتار پھینکنا چاہے گا کس طرح اس سے دور بھاگنا چاہے گا کس طرح اسے دوسرے کے کندھے پر ڈال دینا چاہے گا۔یہ اس کی سمجھ میں حرم شریف میں پہنچ کر ہی آیا تھا۔وہاں کھڑے ہو کر وہ اپنے پاس موجود اور آنے والی ساری زندگی کی دولت کے عوض بھی کسی کو وہ گناہ بیچنا چاہتا تو کوئی یہ تجارت نہ کرتا۔کاش آدمی کسی مال کے عوض اپنے گناہ بیچ سکتا۔کسی اجرت کے طور پر دوسروں کی نیکیاں مانگنے کا حق رکھتا۔
لاکھوں لوگوں کے اس ہجوم میں دو سفید چادریں اوڑھے کون جانتا تھا سالار کون تھا؟اس کا آئی کیو لیول کیا تھا ، کسے پرواہ تھی۔اس کے پاس کون سی اور کہاں کی ڈگری تھی ، کسے ہوش تھا۔اس نے زندگی کے میدان میں کتنے تعلیمی ریکارڈ توڑے اور بنائے تھے ، کسے خبر تھی وہ اپنے ذہن سے کون سے میدان تسخیر کرنے والا تھا، کون رشک کرنے والا تھا۔
وہ وہاں اس ہجوم میں ٹھوکر کھا کر گرتا۔بھگدڑ میں روندا جاتا۔اس کے اوپر سے گزرنے والی خلقت میں سے کوئی بھی یہ نہیں سوچتا کہ انہوں نے کیسے دماغ کو کھو دیا تھا۔کس آئی کیو لیول کے نایاب آدمی کو کس طرح ختم کر دیا تھا۔
اسے دنیا میں اپنی اوقات ، اپنی اہمیت کا پتا چل گیا تھا۔اگر کچھ مغالطہ رہ بھی گیا تھا تو اب ختم ہو گیا تھا۔اگر کچھ شبہ باقی تھا تو اب دور ہو گیا تھا۔
فخر ، تکبر ، رشک ، انا ، خود پسندی ، خود ستائشی کے ہر بچے ہوئے ٹکڑے کو نچوڑ کر اس کے اندر سے پھینک دیا گیا تھا۔وہ ان ہی آلائشوں کو دور کروانے کے لئے وہاں آیا تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
جاری ہے
─━•<☆⊰✿❣✿⊱☆>•━─